Thursday 27 July, 2017

سیمی فائنل معرکہ: پاکستان کی شاندار باؤلنگ، جیت کیلئے صرف 212 رنز کا ہدف


کارڈف: (کوہ نور نیوز) صوفیہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں انگلش ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 212 رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔ اس سے قبل قومی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش ٹیم کی جانب سے جونی بیرسٹو اور ایلکس ہلیز میدان میں اترے اور محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا۔ دوسری جانب پاکستانی باؤلرز نے بھی اپنی نپی تلی باؤلنگ سے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہ کیا۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ 34 کے سکور پر گری جب ایلکس ہیلز آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔ رومان رئیس کی گیند پر بابر اعظم نے ان کا آسان کیچ لیا۔ اس کے بعد بیرسٹو اور جوئے روٹ نے ٹیم کے سکور کو 50 سے زائد تک پہنچایا۔ انگلینڈ کو دوسرا نقصان جونی بیرسٹو کی صورت میں اٹھانا پڑا جو ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی جبکہ محمد حفیظ نے ان کا کیچ لیا۔ جونی بیرسٹو نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ دوسری وکٹ گرنے پر انگلینڈ کا سکور 80 رنز تھا۔ اس کے بعد جوئے روٹ کے ساتھ کپتان ایون مورگن نے میدان سنبھالا، تاہم سکور ابھی 128 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ ذمہ داری سے بیٹنگ کر رہے جوئے روٹ بھی غیر ضروری شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ شاداب خان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد نے ان کا کیچ لیا۔ جوئے روٹ نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔ بعد ازاں کپتان مورگن بھی پاکستانی باؤلرز کی گیندوں کا سامنا نہ کر سکے اور 33 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر چلتے بنے۔ ان کا کیچ بھی وکٹوں کے پیچھے کپتان سرفراز احمد نے پکڑا۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی جوز بٹلر بھی زیادہ دیر تک وکٹوں پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 4 رنز بنا کر جنید خان کی گیند کا شکار بنے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کیچ بھی کپتان سرفراز احمد نے پکڑا۔ پانچویں وکٹ کے نقصان پر انگلینڈ کی ٹیم نے 148 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 162 کے سکور پر گری جب معین علی بھی ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جنید خان کی گیند پر فاخر زمان نے باؤنڈری کے قریب بھاگتے ہوئے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ انگلینڈ کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عادل رشید تھے جو صرف 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔ انگلینڈ کو آٹھواں نقصان 201 کے سکور پر اٹھانا پڑا جب پاکستانی گیند بازوں کے سامنے مزاحمت کر رہے بلے باز بین سٹوکس بھی غیر ضروری شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سٹوکس نے 34 رنز بنائے جبکہ حسن علی کی گیند پر محمد حفیظ نے ان کا کیچ لیا۔ رومان رئیس نے لیام پلنکٹ کو کیچ آؤٹ کر وا کے پاکستان کو نویں کامیابی دلوائی۔ پلنکٹ صرف 9 رنز بنا سکے اور اظہر علی نے ان کا آسان کیچ تھاما۔ انگلینڈ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارک ووڈ تھے جنھیں سرفراز احمد نے رن آؤٹ کیا۔ یوں انگلش ٹیم انچاس اعشاریہ پانچ اوورز میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے صرف 35 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر گیند بازوں میں جنید خان اور رومان رئیس نے دو، دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے ون ڈے کرکٹ میں گوروں کا پلہ بھاری ہے۔ 81 میں سے 49 میچ انگلینڈ نے جیتے جبکہ 30 میں شاہینوں نے میدان مارا اور 2 میچ بے نتیجہ رہے۔ رواں چیمپئنز ٹرافی میں انگلش ٹیم اب تک ناقابل شکست ہے جبکہ پاکستان نے تین میں سے دو میچ جیتے ہیں۔

پروگرام گائیڈ