Friday 22 September, 2017

دوسرے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو شکست، بھارت 9 وکٹوں سے فاتح


برمنگھم: (کوہ نور نیوز) ایجبسٹن کے میدان میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں انڈین ٹیم نے بنگلا دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔ بنگلا دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے انڈٰین ٹیم کو جیت کیلئے 265 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے صرف ایک کھلاڑی کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارت کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شیکھر دھون تھے جنہوں نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ اوپنر روہت شرما نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 123 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسری جانب کپتان ویرات کوہلی نے بھی اس میچ میں اپنی خوبصورت بلے بازی کے جوہر دکھائے۔ کوہلی نے اس میچ میں بھی جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 78 گیندوں ک سامنا کرتے ہوئے 13 چوکوں کی مدد سے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ بھارتی ٹیم نے چالیس اعشاریہ ایک اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 265 رنز کا ہدف عبور کیا۔ اس سے قبل بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے حریف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ بنگال ٹائیگرز کے اوپننگ بلے باز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے بیٹنگ کا آغاز کیا، لیکن ٹیم کو اچھا اوپننگ سٹینڈ فراہم نہ کر سکے۔ پہلے ہی اوورز میں بنگلا دیش کی ٹیم کو سومیا سرکار کی وکٹ سے ہاتھ دھونا پڑا، وہ بھونیشور کمار کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ سومیا سرکار بغیر کھاتہ کھولے صفرپر ہی پویلین لوٹ گئے۔ تیسرے نمبر پر صابر رحمن میدان میں اترے اور تمیم اقبال کے ساتھ مل کر 30 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی لیکن اس کے فوری بعد صابرر رحمن بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ ان کی وکٹ بھی بھونیشور کمار کے حصے میں آئی۔ وہ 4 چوکوں کی مدد سے صرف 21 رنز ہی بنا سکے۔ اس کے بعد مشفق الرحیم اور تمیم اقبال کی جوڑی نے ٹیم کے سکور کو 150 سے زائد رنز تک پہنچایا۔ بنگلا دیش کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز تمیم اقبال تھے جنہوں نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔ انھیں کیدار جادھو نے آؤٹ کر کے واپس بھیجا۔ بنگلا دیش کی چوتھی وکٹ 177 پر گری جب نئے آنے والے کھلاڑی شکیب الحسن شائقین کرکٹ کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور صرف 15 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔ جدیجہ کی گیند پر دھونی نے ان کا کیچ لیا۔ اس کے بعد ذمہ داری سے بیٹنگ کر رہے مشفق الرحیم بھی جادھو کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ مشفق الرحیم نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 61 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مصدق حسین تھے جنہوں نے صرف 15 رنز بنائے۔ جسپریت بومرا نے اپنی کی ہی گیند پر ان کا کیچ لیا۔ ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمود اللہ تھے جنہوں نے 21 رنز بنائے۔ یہ وکٹ بھی بومرا کے حصے میں آئی۔ بنگلا دیش نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔ انڈین ٹیم کی جانب سے بھونیشور کمار، جسپریت بومرا اور کیدار جادھو دو، دو جبکہ رویندر جدیجہ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

پروگرام گائیڈ