Tuesday 12 December, 2017

فائنل سے قبل پاکستان اور بھارت کا ٹویٹر پر ٹاکرا شروع


کراچی: (کوہ نور نیوز) برطانوی ویب سائٹ کے مطابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ’’بھارت نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا،اب کرکٹ کے سب سے بڑے میچ کا انتظار ہے، پاکستانی ٹیم اپنا تحمل برقرار رکھے اور فوکس ہوکر کھیلے، بس ایک اور جیت‘‘۔ وقاص امجد نے آفریدی کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا ’’اس بار انشا اللہ جیت پاکستان کی ہوگی، ٹیم پورے اعتماد سے فائنل میں آئی جبکہ بھارت حد سے زیادہ اعتماد کا شکار ہوچکا۔ سندیپ نام کے ٹویٹر صارف نے لکھا ’’پاکستان میں اچانک پرانے ٹی وی سیٹ کی فروخت میں اضافہ ہوا تاکہ وہ بھارت سے شکست کے بعد توڑنے کے کام آئیں‘‘۔ ادھر سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے ٹویٹ کی کہ ’’اچھی کوشش کی پوتے، سیمی فائنل تک پہنچنے کیلیے بہترین کوششیں کیں، گھر کی ہی بات ہے، فادرز ڈے پر بیٹے کے ساتھ فائنل ہے، مذاق کو سنجیدہ مت لیجیے گا‘‘۔سہواگ کی اس ٹویٹ سے جہاں بہت سے لوگوں نے لطف اٹھایا تو بہت سے افراد انھیں یہ مشورہ بھی دیتے نظر آئے کہ اتنے بڑے کرکٹر کی جانب سے اس طرح کا تبصرہ زیب نہیں دیتا۔ بروکین کرکٹ کے ٹویٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’’چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں بھارت سب سے زیادہ بار فائنل میں پہنچنے والی ٹیم ہے‘‘۔دوسری جانب اداکارہ تاپسی پنّوں نے لکھا کہ ’’بھارت اور پاکستان کے داؤ پیچ سے زیادہ میں اس بات سے جوش میں ہوں کہ جس ملک نے ان دونوں کو کرکٹ کھیلنا سکھایا وہیں پر دونوں فائنل کھیلنے جا رہے ہیں۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے نقلی اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا گیا کہ ’’اب بھارتی ٹیم کو ایک پریس کانفرنس کرکے بنگلادیش پر اپنی جیت کے ثبوت پیش کرنے چاہئیں۔‘‘ علاوہ ازیں سیمی فائنل میں فاتح کپتان ویرات کوہلی اور بیٹسمین روہت شرما کی اچھی بیٹنگ کی بھی خوب تعریفیں ٹویٹر پر جاری رہیں۔ روہت شرما نے ناٹ آؤٹ 123 رنز بنائے جبکہ ویرات کوہلی نے 96 رنز اسکور کیے۔ یوگیشور ماتھر نام کے ٹویٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’’روہت اور کوہلی بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو ان کی صحیح جگہ دکھا رہے ہیں، وہ ہے باؤنڈری کے باہر کی جگہ‘‘۔ سندیپ گوئل نے لکھا کہ ’’ایسا لگ رہا ہے کہ روہت اور کوہلی میں میچ کے دوران چوکے لگانے کا مقابلہ چل رہا ہو۔ سیپی شرما 94 کے ٹویٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ’’ 8 ہزار رنز بنانے کے لیے ویرات کوہلی کو مبارکباد، کسی بھی کھلاڑی سے زیادہ تیزی سے انھوں نے یہ رنز صرف 175 اننگز میں بنائے ہیں۔

پروگرام گائیڈ