Thursday 27 July, 2017

میں چور ہوں" کا ٹیٹو بنانے والا آرٹسٹ گرفتار


لاہور: (کوہ نور نیوز، ویب ڈیسک) بات فلمی سی لگتی ہے کہ چوری کرنے والے کے ماتھے پر "میں چور ہوں" لکھ دیا جائے لیکن آج کی حقیقی دنیا میں نہ صرف ایسا واقعہ ہو چکا ہے بلکہ اس حرکت کے مرتکب افراد کو حراست میں بھی لیا جاچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق برازیلی ریاست ساؤ پالو میں پولیس نے ایک مقامی ٹیٹو آرٹسٹ میکون ویزلی کاروالو دوس ریس اور اس کے پڑوسی کو تشدد کے الزام میں گرفتار کر لیا کیونکہ ان دونوں نے سائیکل چرانے کی کوشش کرنے والے ایک 17 سالہ نوجوان کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کے بعد اس کے ماتھے پر برازیلی زبان میں ٹیٹو تحریر کر دیا جس کا مطلب تھا "میں چور اور نکما ہوں" لیکن بات صرف یہیں پر ختم نہیں ہوئی کیونکہ ٹیٹو آرٹسٹ اور اس کے پڑوسی نے اس پوری کارگزاری کی ویڈیو بنا کر واٹس ایپ پر بھی ڈال دی جس میں پہلے اس لڑکے سے مار پیٹ کر کے اقبالِ جرم کروایا گیا اور پھر اسے باندھ کر اس کے ماتھے پر ٹیٹو بنادیا گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو وائرل ہوگئی جسے اس نوجوان کے گھر والوں نے بھی دیکھ لیا اور فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔ انہوں نے ٹیٹو آرٹسٹ اور اس کے پڑوسی کے خلاف تشدد کا مقدمہ درج کروا دیا ۔ دریں اثنا انٹرنیٹ پر سے وہ اصل ویڈیو اور اس کی تمام آن لائن کاپیاں بھی ہٹوا دی گئی ہیں کیونکہ ان سب میں خون اور تشدد نمایاں تھا۔

پروگرام گائیڈ