Sunday 22 October, 2017

آزادی ٹرین کا آغاز، آئی ایس پی آر کی تیار کی گئی بوگی دلچسپی کامرکز


راول پنڈی: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق پاکستان کےسترویں یو مِ آزادی کے موقع پر تیار کی گئی آزادی ٹرین نے اپنے سفر کا آغاز کردیا، ہر صوبے کے ثقافتی ورثے سے مزین اس ”آزادی ٹرین” کو منی پاکستان کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ پاکستان میں مختلف مذاہب کے ماننے والے اور مختلف زبانیں بولنے والے بستے ہیں، یہ ٹرین انہی کی عکاس ہے، ٹرین پانچ گیلریز اور چھ فلوٹس پر مشتمل ہیں۔ آزادی ٹرین میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے علاوہ ٹرین میں آئی ایس پی آر کی طرف سے دو خصوصی بوگیاں بھی لگائی گئی ہیں، جو دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ خصوصی بوگی میں مسلح افواج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کی عکاسی کی گئی ہے جبکہ بلند محاذ جنگ سیاچن سمیت قدرتی آفات میں کردار کی بھی منظر کشی کی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کی بوگیوں میں ملکی سطح پر تیار کردہ دفاعی ساز و سامان کے ماڈلز شامل ہیں، ان خصوصی بوگیوں میں انیس سو اڑتالیس کی جنگِ کشمیر سے لے کر آپریشن ضرب عضب تک میں اپنی جانیں دینے والے فوجیوں کی تصاویر آویزاں ہیں جبکہ پنجاب اورسندھ رینجرز سمیت بلوچستان اور کے پی کی ایف سی کے کردار کی بھی نمایاں عکاسی کی گئی ہے ۔ آزادی ٹرین میں آئی ایس پی آرگیلری میں ردالفساد اور خیبر فور آپریشنز کی تصاویری جھلکیاں بھی گیلری میں آویزاں ہیں جبکہ برہان وانی کی تصویرلگا کر خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے چھ فلوٹس پنجاب، خیبر پختونخواہ، سندھ، بلوچستان ، گلگت بلتستان اور آزادکشمیرکی ثقافت کو اجاگر کر رہے ہیں۔ چاروں صوبوں سے ہوتی ہوئی یہ ٹرین چھ ستمبر کو یومِ دفاع کے موقع پر کراچی پہنچے گی اور آٹھ ستمبر تک کینٹ اسٹیشن پر عوامی نمائش کے لیے ٹھہرے گی۔

پروگرام گائیڈ