Thursday 14 December, 2017

تحریک انصاف کا فاٹا انضمام کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان


اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ صرف دو اشخاص مولانا فضل الرحمان اور محمود اچکزئی فاٹا انضمام کی مخالفت کررہے ہیں اور ان کی منطق کسی کی سمجھ نہیں آرہی۔ نعیم الحق نے کہا کہ تمام جماعتیں فاٹا کے معاملے پر متفق ہیں جن میں (ن) لیگ بھی شامل ہے لیکن (ن) لیگ دوغلی پالیسی سے کام لے رہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر فاٹا کے انضمام کے لیے فوری انتظامات نہ کیے گئے تو بے امنی ہوگی اور بات قابو سے باہر نکل جائے گی، حکومت نے آئندہ انتخابات سے قبل فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کے انتظامات نہ کیے تو گزشتہ روز ہونے والے مظاہرے کی طرح ایسے بے شمار مظاہرے ہوں گے اور بات بدامنی تک پھیلے گی۔ اس سے قبل نعیم الحق نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک مجرم روزانہ وزارت خزانہ کے دفتر جارہا ہے، امید کرتے ہیں نیب عدالت قوانین کے مطابق اپنی کارروائی تیز کرے گی اور کیس کی تہہ تک پہنچ کر مجرموں کو ایسی سزائیں دی جائیں گی جو آنے والی نسلوں کے لیے عبرت ہوگی۔

پروگرام گائیڈ