Tuesday 12 December, 2017

ایل این جی معاہدہ سارے چوروں کی ماں ہے، شیخ رشید


اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج اسپیکر کو ایل این جی میں 200 ارب روپے کی کرپشن کا اعمال نامہ دے رہا ہوں، ایل این جی معاہدے کی کاپی حاصل کرنے کے لیے کوششیں کرکے تھک گیا تھا، اس ملک میں آپ کو یہ حق بھی حاصل نہیں کہ ایک معاہدے کی کاپی حاصل کرلیں، اس سے زیادہ ذلت اور بے عزتی ممبران کی نہیں ہوسکتی۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم شہیدوں کے گھر جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں ہمارے بچے چوروں کے لیے جان دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف نے اسحاق ڈار کو قبول کرنے سے انکار کردیا، انہوں نے منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث شخص سے معاملات طے کرنے سے انکار کیا، ملک شدید معاشی بحران میں جانے والا ہے، وزیراعظم سے کہتا ہوں ڈار کو دس دن کے اندر ہٹائیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں خانہ جنگی ہوکر رہے گی، ایل این جی سارے چوروں کی ماں ہے، میں سمجھتا تھا کہ حدیبیہ کیس چوروں کی ماں ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایک شخص کے لیے الیکشن اصلاحات کی گئیں اور سارا قانون بنایا گیا، ختم نبوت پر کہتے ہیں غلطی ہوگئی لیکن یہ مغرب کو خوش کرنے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا اور نااہلی بھی ہوگئی لیکن یہ لوگ ڈٹے ہوئے ہیں، اب ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

پروگرام گائیڈ