Saturday 21 October, 2017

عمران خان نے پاکستان مخالفت اور دشمنی کا ثبوت دیا: شہباز شریف


ملتان: (کوہ نور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر خیبرپختونخوا میں بھی ن لیگ کی حکومت ہوتی تو 11 ماہ میں پشاور میں میٹرو بن جاتی۔ انہوں نے کہا عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگایا، عوام کوستے ہوں گے کہ اس کو ووٹ کیوں دیا، پی ٹی آئی نے اورنج ٹرین کی پچ کو بھی اکھیڑ دیا کہ" نہ کھیڈاں گے نہ کھیڈن دیاں گے"۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا 2014 میں دھرنے دے کر ملک کا نظام درہم برہم کیا گیا، چینی صدر کا دورہ پاکستان دھرنے کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا عمران خان نے پاکستان مخالفت اور دشمنی کا ثبوت دیا، مخالفین نے سی پیک میں رکاوٹیں ڈالنے کی بھرپور کوشش کی، قرضہ خوروں نے لاہور میٹرو منصوبے کی مخالفت کی۔ شہباز شریف نے کہا جنوبی پنجاب کی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے، لاہور کے بعد ملتان کو بھی میٹرو فیڈر بس سروس فراہم کی گئی ہے، اگلے مرحلے میں لودھراں کو فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا میٹرو فیڈر بس سروس سے غریب خاندان سفر کر سکیں گے، ملتان میں نئی یونیورسٹیوں میں تعلیم کا کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا جنوبی پنجاب کی جتنی خدمت ن لیگ نے کی ہے، کسی دوسری حکومت نے نہیں کی، صاف پانی کے منصوبے کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی کھاد میں سبسڈی دی، چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے گئے، رحیم یار خان میں پہلی آئی ٹی یونیورسٹی رواں سال مکمل ہونے والی ہے۔

پروگرام گائیڈ