جودھ پور کے گینگسٹر کی سلمان خان کو قتل کی دھمکی

ممبئی: (کوہ نور نیوز) سلمان خان کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس سے بری تو ہوگئے ہیں لیکن اس کے سائیڈ ایفکیٹس اب بھی سامنے آرہے ہیں۔ سلمان خان کو بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کے مقامی غنڈے لارنس بشنوئی نے قتل کرنے کی دھمکی دی ہے اور یہ دھمکی مقامی غنڈے نے پولیس کی حراست کے دوران دی ہے۔ سلمان خان چند روز قبل کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے مقدمے کے سلسلے میں جودھ پور کی عدالت میں پیش ہوئے تھے جب کہ گینگسٹر کی دھمکی کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر کے مطابق وہ گینگسٹر کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں سے آگاہ ہیں اور سلمان خان کی سیکیورٹی کے لیے انتظامات کرلیے ہیں۔ سلمان خان کو قتل کی دھمکی دینے والے گینگسٹر کو پولیس نے مقامی بزنس مین کے قتل کے جرم میں گرفتار کیا ہوا ہے اور بشنوئی کا تعلق بھی اس کمیونٹی سے ہے جو سلمان خان کے کالے ہرن کے شکار کے معاملے کو سامنے لائی ہے۔ یاد رہے کہ سلمان خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ریس 3‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔