گرم چائے پینا کالے موتیے سے محفوظ رکھتا ہے

نیویارک (کوہ نور نیوز) امریکا کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ گرم چائے پینے والے افراد میں کالے موتیا (گلوکوما) کے مرض میں مبتلا ہونے کے امکانات دیگر کے مقابلے میں بہت کم ہوتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کے شہر لاس اینجلس میں واقع یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں ایک تحقیق کی گئی جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ جو روزانہ گرم چائے پیتے ہیں وہ دیگر لوگوں کے مقابلے میں آنکھوں کے بڑے امراض جیسے نابینا ہونا اور کالے موتیا (گلوکوما) کے مرض میں مبتلا نہیں ہوتے۔ تحقیق میں اُن افراد کو شامل کیا گیا جو دن بھر میں ایک یا اُس سے زیادہ کپ گرم چائے استعمال کرتے ہیں، ماہرین کے مطابق ایسے افراد مین گلوکوما کی بیماری کی علامات پیدا ہونے کے امکانات 74 فیصد کم آئے۔ ڈاکٹر این کولمن کا کہنا ہے کہ کالا موتیا آنکھوں کی بینائی چھین سکتا ہے اور اس کا فی الحال ماہرین کوئی علاج بھی دریافت نہیں کرسکے تاہم جب گرم چائے کے فوائد دیکھے گئے تو ہم خود حیران رہ گئے۔ اُن کا کہنا ہے کہ گلوکوما سے محفوظ رہنے کے لیے ہر شخص کو اپنی آنکھوں کا باقاعدگی سے معائنہ کروانا چاہیے تاکہ کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جاسکے کیونکہ آنکھیں بہت بڑی نعمت ہیں۔ ماہرین کے مطابق 30 لاکھ سے زائد امریکی اس مرض میں مبتلا ہیں تاہم انہیں اس بات کا احساس تک نہیں کہ وہ کس قدر سنگین بیماری کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں۔