رنویر کے گھر والوں نے دپیکا کو شادی کا جوڑا تحفے میں دیدیا

ممبئی: (کوہ نور نیوز) ابھی ویرات انوشکا کی شادی کا ہنگامہ ختم بھی نہیں ہوا تھا کہ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کا ہنگامہ شروع ہوگیا۔ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ بہترین اداکار ہونے کے ساتھ ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست بھی ہیں دونوں کو کئی بار مختلف مقامات پر ایک ساتھ دیکھا گیا ہے جب کہ 5 جنوری کو دپیکا کی 32 ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں سری لنکا میں موجود تھے جہاں انہوں نے کافی وقت ایک ساتھ گزارا، جس کے بعد سے یہ افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ دونوں منگنی کرنے والے ہیں، تاہم حال ہی میں رنویر کے گھر والوں کی جانب سے دپیکا کو ساڑھی اور انگوٹھی تحفے کے طور پر دئیے جانے کی خبروں نے دونوں کی شادی کی افواہوں کومزید تقویت دے دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق رنویر کے گھر والوں نے دپیکا کو ڈیزائنر سبیاساچی مکھرجی کی ڈیزائن کردہ ساڑھی گفٹ کی ہے، یہ وہی ڈیزائنر ہیں جنہوں نے انوشکا شرما کی شادی کے لباس ڈیزائن کیے تھے جب کہ ساڑھی کے ساتھ انہوں نے دپیکا کو ہیرے کا خوبصورت سیٹ بھی بطور تحفہ دیا ہے جس میں ہیرے کی خوبصورت انگوٹھی بھی شامل ہے۔ رنویر کے گھر والوں کی جانب سے ساڑھی اور سیٹ دئے جانے پر یہ کہا جارہا ہے کہ ساڑھی رنویر کے گھر والوں کی جانب سے دپیکا کوشادی کے جوڑے کے طور پر دی گئی ہے۔ دوسری جانب رنویر دپیکا کی سری لنکا میں موجودگی کے حوالے سےیہ بھی کہا جارہا ہے کہ دونوں نے سری لنکا میں چپکے سے منگنی کرلی ہے اور بہت جلد ویرات انوشکا کی طرح شادی کرکے دھماکا کریں گے۔