پاکستان نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں بنگلادیش کو شکست دیدی

لاہور: (کوہ نور نیوز) پاکستان بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کی میزبانی کر رہا ہے اور ایونٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور اوپننگ بلے باز بدر منیر اور عامر اشفاق نے پہلی وکٹ پر 195 رنز کی شراکت قائم کی۔ بدر منیر کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان نے ہدف 17ویں اوور میں صرف ایک وکٹ پر حاصل کیا۔ گرین شرٹس کی جانب سے بدر منیر نے 70 گیندوں پر ناقابل شکست 145 رنز بنائے جب کہ عامر اشفاق 46 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ ایونٹ میں بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔ بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ان کے میچز متحدہ عرب امارات میں ترتیب دیے گئے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 12 جنوری کو عجمان میں کھیلا جائے گا جب کہ ایونٹ کا فائنل شارجہ میں 19 جنوری کو ہوگا۔