پی پی 20 کا ضمنی الیکشن، پولنگ جاری، ن لیگ اور پی ٹی آئی میں کانٹے کا مقابلہ

چکوال: (کوہ نور نیوز) مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری لیاقت علی خان کی وفات سے خالی ہونے والی صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 20 پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ صوبائی اسمبلی کی نشست کے لئے 5 امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے چوہدری حیدر سلطان، تحریک انصاف کے طارق افضل کالس، تحریک لبیک کے ناصر عباس منہاس، اے این پی کے چوہدری عمران قیصر عباس جبکہ ایک آزاد امیدوار ڈاکٹر طفیل میدان میں موجود ہیں تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار مرحوم رکن صوبائی اسمبلی چوہدری لیاقت علی خان کے بیٹے چوہدری حیدر سلطان اور تحریک انصاف کے امیدوار طارق افضل کالس کے درمیان ہے۔ تحریک انصاف کو پیپلز پارٹی، پاکستان عوامی تحریک اور جماعت اسلامی کی حمایت بھی حاصل ہے۔ یہ نشست ماسوائے 2002 کے انتخابات کے گزشتہ 35 سال سے مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیتتی آ رہی ہے۔ 2013 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے چوہدری لیاقت علی خان نے یہ نشست سردار گروپ کے چوہدری اعجاز فرحت سے تقریبا 27 ہزار ووٹوں کی برتری سے جیتی تھی۔ اب سردار گروپ بھی مسلم لیگ ن کا حصہ ہے۔ حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 279530 ہے جن میں 144191 مرد جبکہ 135338خواتین ووٹرز ہیں۔ کل پولنگ اسٹیشن 227 بنائے گئے ہیں جن میں مرد 61، خواتیں 61 جبکہ 105مشترکہ پولنگ اسٹیشن ہیں۔ کل پولنگ بوتھ کی تعداد 814 ہے۔ 421 مرد جبکہ خواتین کے لئے 393 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ جن پر 227 پریزایڈنگ آفیسر، 814 اسسٹنٹ پریزایڈنگ آفیسرز جبکہ 814 پولیس آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز تعینات ہو گی جبکہ کسی بھی لڑائی جھگڑے کی صورت میں پاک آرمی کی کوئیک ریسپانس فورس بھی الرٹ رہے گی۔ الیکشن پولنگ بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ 55 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین قرار دیئے گئے ہیں