ممنوعہ ادویات کا استعمال، یوسف پٹھان پر 5 ماہ کیلئے پابندی عائد

نئی دہلی: (کوہ نور نیوز) انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے معروف کھلاڑی یوسف پٹھان کو ممنوعہ ادویات کے استعمال کی سزا دیتے ہوئے ان پر پانچ ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوسف پٹھان نے نادانستہ طور پر ایسی ادویات کا استعمال کیا جن پر پابندی ہے اور یہ ادویات عموماً کھانسی کے شربت میں بھی عام استعمال ہوتی ہیں۔ بی سی سی آئی کی جانب سے یوسف پٹھان پر پابندی گزشتہ سال 15 اگست 2017ء سے لگائی گئی ہے جس کا مطلب ہے کہ 14 جنوری 2018ء کو ان پر عائد پابندی ختم ہو جائے گی۔ یوسف پٹھان نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر مثبت جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غلطی سے ایسی ادویات کا استعمال کیا جو کھلاڑیوں کیلئے ممنوع ہیں، میں معاملے کو حل کرنے کیلئے بی سی سی آئی کا شکر گزار ہوں۔