رنویر کے مذاق سے عالیہ بھٹ کا قیمتی لباس خراب ہوگیا

ممبئی (کوہ نور نیوز) بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے مذاق مذاق میں ساتھی اداکارہ کا انتہائی قیمتی لباس خراب کردیا جس پر عالیہ بھٹ سیخ پا ہوئیں اور شو سے چلی گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ، ورون دھون اور عالیہ بھٹ اپنی نئی آنے والی فلم گلی بوائے کی تشہیر کے لیے بچوں کے ڈانس پروگرام میں شریک ہوئے تو سب بچوں کی طرح ہلہ گلہ کرنے لگے۔ بالی ووڈ اداکار نے عالیہ بھٹ کو مذاق مذاق میں نہلا دیا جس کے نتیجے میں اُن کا قیمتی لباس خراب ہوگیا اور اداکارہ غصے کی حالت میں سٹیج سے چلی گئیں۔ اداکارہ کا لباس امی پٹیل نامی ڈیزائنر نے تیار کیا جس کی قیمت ایک لاکھ روپے سے زائد ہے۔ واضح رہے کہ فلم گلی بوائے میں رنویر سنگھ ایسے لڑکے کا کردار ادا کررہے ہیں جو موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد اپنے گانوں کے ذریعے سماجی مسائل اجاگر کرتا ہے۔ فلم میں خصوصاً غریبوں کے ساتھ ہونے والے مظالم اور عدم مساوات کو دکھایا جائے گا۔