پشاور میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 2 دہشتگرد بارودی مواد سمیت گرفتار

پشاور: (کوہ نور نیوز) پشاور میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، 2 دہشتگرد بارودی مواد علاقہ غیر سے پشاور منتقل کرتے ہوئے پکڑے گئے، پانچ کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ محکمہ انسداد دہشتگردی پشاور نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ نا کام بنا دیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دو مبینہ دہشتگرد امین جان اور محمد عمران موٹر سائیکل پر دیسی ساختہ بم علاقہ غیر سے پشاور منتقل کر رہے تھے۔ مبینہ دہشتگرد موٹر سائیکل پر سوار تھے، تلاشی لینے پر ملزموں کی تحویل سے دسی ساختہ بم برآمد ہوا۔ بم گھی کے ڈبے میں رکھا گیا تھا، بی ڈی یو کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنا دیا۔ بی ڈی یو کے مطابق بم کا وزن پانچ کلو گرام تھا، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔