معروف گلوکار اور اداکار عنایت حسین بھٹی کی آج 90 ویں سالگرہ

لاہور (کوہ نور نیوز) آج لوک گلوکار عنایت حسین بھٹی کا نوے واں یوم پیدائش ہے، سوہنی کے شہر گجرات سے اٹھنے والی دلکش آواز آج بھی اپنے مداحوں کے کانوں میں رس گھول رہی ہے۔ عنایت حسین بھٹی نے لوک گلوکاری کےساتھ اداکاری میں بھی نام کمایا۔ وہ پروڈیوسر ،ڈائریکٹر اور سکرپٹ رائٹر بھی تھے۔ انہیں پاکستان کا پہلا سپر سٹار پلے بیک گلوکار بھی کہا جاتا ہے۔ عنایت حسین بھٹی کی آواز میں ریکارڈ ہونے والا پنجابی کا مشہور گیت چن میرے مکھناں پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی بے حد مقبول ہوا اور کئی بھارتی گلوکاروں نے اس گیت کو اپنی آواز میں ریکارڈ کروایا ۔ گلوکاری کے ساتھ عنایت حسین بھٹی نے فن اداکاری میں بھی اپنے کمال جوہر دکھائے۔ عنایت حسین بھٹی نے اردو، پنجابی، سندھی، سرائیکی اور بنگالی میں 2500 سے زائد گیت گائے۔ عنایت حسین بھٹی نے پانچ عشروں تک اپنی آواز کے سحر میں سب کو مسحور کئے رکھا۔ ان کی آواز اپنے جادوئی اثر کے ساتھ آج بھی زندہ ہے۔ عنایت حسین بھٹی کے بیٹے وسیم عباس اور بہو صبا وسیم بھی اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان کے داماد آغا سکندر اور نواسے علی سکندر بھی اداکاری کے شعبے سے وابستہ رہ چکے ہیں