زینب قتل کے معاملے میں پورے ادارے کو ہدف تنقید نہ بنایا جائے.طلال چوہدری

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر مملکت طلال چوہدری نے ایوان کو زینب قتل اور اس کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی طلال چوہدری نے بریفنگ کے دوران کہا کہ بچوں سے زیادتی کے واقعات پورے پاکستان میں ہورہے ہیں، ایک چھوٹی کمیٹی بنادیتے ہیں جو جائزہ لے کہ ایسے واقعات نہ ہوں، مستقبل میں ایسے قوانین بنائے جائیں کہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ زینب قتل کے معاملے میں پورے ادارے کو ہدف تنقید نہ بنایا جائے، پنجاب پولیس ہی گھنٹوں میں مجرمان تک پہنچے گی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ قصور میں آگ لگائی گئی، لوگوں کو حالات خراب کرنےکےلیے اکسایا گیا،سوشل میڈیا پر مسلم لیگ (ن) کے ایم پی ایز کے نمبر دے کر لوگوں کو اکسایا گیا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، سیاسی جماعتوں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔ طلال چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت قصور میں تین ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، 37 افراد کو جلاؤ اور گھیراو کے الزام میں گرفتار کیاگیاہے جب کہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت ڈیڑھ درجن سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔