نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ میں کوئی فرق نہیں ہے، شیخ رشید

قصور: (کوہ نور نیوز) وہ زینب کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، شیخ رشید نے کہا کہ دس سے زائد بچیوں سے زیادتی کے بعد قتل ہوا لیکن دس سال سے حکومت کرنے والوں کے کان پرجوں تک نہیں رینگی. انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکمرانی میں لوٹ مار اور کرپشن کے سوا کچھ اور نہیں کیا ہے اور اس لوٹے ہوئے پیسے کو اپنی عیاشیوں میں خرچ کیا جس کی مثال محل نما جاتی امراء اور لندن فلیٹس ہیں. شیخ رشید کا کہنا تھا ایک طرف حکمرانوں کی عیش و عشرت اور طرز زندگی ہے تو دوسری طرف غریب کے بچے گردے بیچنے پر مجبور ہیں اور دو وقت روٹی کے لیے اپنی زندگیاں ختم کر رہے ہیں. سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ سانحہ قصور میں عوام کے ردعمل اور میڈیا نے حکمرانوں کو بتا دیا ہے کہ قوم کی نبض کیا ہے جس کی بنیاد پرحکمرانوں کو حق حکمرانی نہیں رہا ہے اس لیے فوری مستعفی ہوں. انہوں نے کہا کہ آج نواز شریف اور ٹرمپ میں کوئی فرق نہیں ہے دونوں ہی پاکستان دشمنی میں اخلاق کی ہر حد کو پار کیے ہوئے ہیں اور ستم یہ ہے کہ تین بار ملک کا وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کا آئیڈیل شیخ مجیب الرحمان ہے. شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ننھی پری سے درندگی کرنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کرنے کے بجائے ظلم کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کروا کر صوبائی حکومت نے سفاکیت دکھائی.