جی ایس پی پلس کی شرائط پر 40 فیصد عمل ہو سکا

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) اقوام متحدہ کے ان 27کنونشنوں پر عملدرآمد کے مقصد سے وزیر اعظم کے قائم کردہ ’’ٹریٹی امپلی منٹیشن سیل‘‘ کے 17اجلاس ہوچکے ہیں جن میں ان کنونشنزپر عمل درآمد کا جائزہ لیاگیا۔ ذرائع نے بتایاکہ وفاقی اورصوبائی حکومتیں ان کنونشنز پر صرف 40 فیصد تک عمل کرپائیں جبکہ وفاق اور صوبوں کی جانب سے 70 فیصدکا ہدف مقرر کیاگیاہے، اس سلسلے میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ٹریٹی امپلی منٹیشن سیل کے اجلاسوں میں صوبوں کی جانب سے رپورٹس پیش کی گئیں اور کنونشنزپر عمل درآمد کیلیے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیاگیاہے۔ ذرائع کے مطابق حالیہ اجلاس میں تمام صوبائی نمائندوں نے اپنے اپنے صوبوں میں انسانی حقوق کی صورتحال، بچوں سے مزدوری اور خواتین کے حقوق سے متعلق اقدامات کا جائزہ پیش کیاگیا۔ ذرائع نے بتایاکہ صوبائی حکومتوں نے اقوام متحدہ کے ان کنونشنز پر عملدرآمد کیلیے اقدامات کیے مگر ابھی تک یورپی یونین کے تمام تر تحفظات دور نہیں کیے جا سکے ہیں جس کی وجہ سے جی ایس پی پلس اسکیم کے آئندہ جائزے میں پاکستان کیلیے مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں۔