اکشے کمار سونم کی شادی پر کیا تحفہ دیں گے؟

ممبئی: (کوہ نور نیوز) یاد رہے کہ معروف بھارتی اداکارہ سونم کپور نے مارچ میں شادی کا اعلان کر دیا ہے۔ سونم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے دیرینہ دوست آنند اہوجا کے ساتھ تصاویر شیئرکی ہیں، جنہیں دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بہت خوش ہیں۔ سونم کپور آج کل اپنی فلم ’پیڈمین‘ کی تشہیر اور شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن وہ شادی سے متعلق سوالوں کا جواب دینے سے کترا رہی ہیں۔ ایک تقریب میں اکشے کمار نے ساتھی اداکارہ سے شادی سے متعلق سوال کرڈالا اور سونم کو مشکل میں ڈال دیا۔ اکشے کمار اور سونم کپور فلم ’پیڈمین‘ کی تشہیر کے لیے ایک تقریب میں موجود تھے جہاں صحافیوں نے سونم سے شادی سے متعلق سوال کیا لیکن وہ خاموش رہیں۔ کچھ دیر بعد اکشے کمار نے اچانک سونم کپور سے پوچھ لیا، ان کا کہنا تھا کہ سونم بتا دیں کہ وہ کب شادی کریں گی؟ کیوں کہ وہ انہیں ایک تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سونم کپور نے اسی سال شادی کی تو انہیں کھانا بنانے والی مشین تحفے میں دیں گے تاکہ ان کے شوہر انہیں کھانا بنا کے کھلاتے رہیں۔ اکشے کمار کا جواب سنتے ہی تقریب میں قہقہے گونج اٹھے۔