جب عمران خان کے انکار نے شاہ رخ خان کا دل توڑ دیا

ممبئی: (کوہ نور نیوز) بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکار شاہ رخ خان کے مداح ان کا آٹوگراف لینے کے لیے گھنٹوں قطار لگائے کھڑے رہتے ہیں ایک انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار جب وہ عمران خان کا آٹو گراف لینے ان کے پاس گئے تو عمران خان نے انہیں آٹو گراف کے بدلے ڈانٹ پلا کر بھگا دیاتھا۔ واقعہ سناتے ہوئے شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کرکٹ سیریز کے لیے بھارت آئے ہوئے تھے اور دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ جاری تھا، میں بھی وہیں موجود تھا اور انتظار کررہا تھا کہ عمران خان فارغ ہوں اورمیں ان سے آٹوگراف لے سکوں۔ اس وقت عمران خان زیادہ اسکور نہ کرسکےاور جلدی آؤٹ ہوگئے تھے اور شاید اسی وجہ سے تھوڑی پریشانی کا شکار تھے جب میں ان سے آٹوگراف لینے گیا تو انہوں نے مجھے ڈانٹ دیا اور آٹوگراف دئیے بغیر چلے گئے جس کی وجہ سے میں مایوس ہوگیا۔واقعہ سنانے کے بعد شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کے بعد بھی وہ اب تک عمران خان کے بہت بڑے فین ہیں اور ان کو پسند کرتے ہیں۔