مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی چھاؤنی پر حملے میں 2 اہلکار ہلاک، متعدد زخمی

سری نگر: (کوہ نور نیوز) بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جموں شہر کے مضافات میں قائم بھارتی فوجی چھاؤنی ’سنجوان‘ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں نے اندر گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کا ایک جے سی او مدن لال بھی شامل ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر بھارتی فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حملہ آوروں سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 3 ہے جو چھاؤنی میں فوجیوں کے رہائشی کوارٹرز کی جانب موجود ہیں۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز حریت رہنما افضل گرو کی پانچویں برسی تھی جس کے موقع پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔