حافظ آباد: بون میرو اسکینڈل کیس میں پیشرفت، مرکزی ملزم ساجد گرفتار

حافظ آباد: (کوہ نور نیوز) حافظ آباد میں بون میرو اسکینڈل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، پولیس نے بون میرو خریدنے والا مرکزی ملزم ساجد گرفتار کر لیا۔ ملزم ندیم، اسلم سمیت 5 ملزمان پہلے ہی جوڈٰیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ بون میرو اسکینڈل کی متاثرہ ایک لڑکی کی حالت تشویشناک ہے۔ خیال رہے حافظ آباد کے محلہ بہاول پورہ میں جہیز پیکیج کا لالچ دیکر غریب گھرانوں کی نوجوان بچیوں کی ریڑھ کی ہڈی سے بون میرو اور دیگر مواد نکالنے کا مکروہ دھندا کرنیوالے گروہ کا انکشاف ہوا تھا۔ پولیس نے خاتون سمیت 5 ملزموں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمہ آمنہ بی بی نے انکشاف کیا کہ وہ ایک گروہ کی شکل میں یہ دھندا طویل عرصہ سے کر رہے ہیں اور اب تک 90 کے قریب غریب لڑکیوں کے جسم سے مواد نکالا جا چکا ہے۔