کراچی: منگھو پیر میں میاں بیوی پر فائرنگ کرنیوالا ملزم گرفتار

کراچی: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق، غیرت کے نام پر شوہر کو قتل اور بیوی کو زخمی کرنے کا واقعہ کراچی کے علاقے منگھو پیر میں پیش آیا۔ واقعہ میں روزی خان نامی شخص جاں بحق بیوی زینب زخمی ہوگئی تھی۔ پولیس نے قتل میں ملوث مرکزی ملزم عبدالغنی کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اپنے کزن مشتاق کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر اپنی پھپھو زینب اور پھپھا روزی خان پر قاتلانہ حملہ کیا۔ گھر کے دروازے پر دستک دی دروازہ کھلتے ہی گھر میں داخل ہوا، میرے پاس پستول اور مشتاق کے پاس چاقو تھا، میں نے روزی خان پر فائر کیا جو اس کے سر میں لگا، دوسری گولی چل نہ سکی تو پھپھو پر چاقوں سے وار کیا۔ ملزم عبدالغنی نے مزید بتایا کہ واردات کرنے کے بعد نادرن بائی پاس کی طرف فرار ہوئے، حملہ کے دوران مزاحمت پر میں بھی زخمی ہوا، خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے مشتاق مجھے معمار کے تھانہ میں چھوڑ کر فرار ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے ساتھی مشتاق کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ خیال رہے مقتول روزی خان نے 14 ماہ قبل زینب سے پسند کی شادی کی تھی، روزی خان اور زینب کوئٹہ سے بھاگ کر کراچی آگئے تھے۔