متحدہ عرب امارات میں انوکھا چیلنج؛ وزن کم کریں اور پیسے کمائیں

دبئی: (کوہ نور نیوز، ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں شہریوں کے موٹاپے سے چھٹکارا حاصل کرنے کا انوکھا چیلنج دیا گیا ہے جہاں وہ اپنا وزن کم کرکے پیسے کماسکتے ہیں۔ اماراتی میڈیا کے مطابق راس الخیمہ میں وزن کم کرنے کے لیے حکومت نے سرکاری اسپتال کے اشتراک سے مقابلے کا اہتمام کیا ہے جس میں فی کلو وزن کم کرنے پر 500 درہم انعام دیا جائے گا یعنی یہ رقم پاکستانی کرنسی میں 15 ہزار روپے بنتی ہے۔ 10 ہفتوں پر مشتمل یہ چیلنج 17 فروری سے 28 اپریل تک جاری رہے گا جس میں سب سے زیادہ وزن کم کرنے والے شخص کا انتخاب کیا جائے گا، اس مقابلے میں 18 سال سے زائد عمر والے مرد و عورت حصہ لیں گے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 15 سال سے زائد عمر کے 70 فیصد مرد اور 67 فیصد خواتین وزن کی زیادتی کا شکار ہیں۔