حمزہ شہباز سے ملاقات، ترین گروپ ذہنی طور پر حکومت سے علیحدگی کیلئے تیار

لاہور: (کوہ نورنیوز) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی ترین گروپ سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں ترین گروپ کی جانب سے کہا گیا کہ ذہنی طور پر حکومت سے علیحدگی کے لئے تیار ہیں۔ لاہور میں ن لیگی رہنما حمزہ شہباز جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پہنچے جہاں پر ترین گروپ سے ان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملک میں جاری سیاسی صورتحال اور مستقبل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ترین گروپ نے مسلم لیگ ن سے ہاتھ ملا لیا۔ ملاقات کی اندرونی کہانی کے مطابق ترین گروپ نے مطالبہ کیا کہ ہمیں آئندہ ٹکٹوں کی یقین دہانی کرائی جائے، ملاقات کی تفصیل سے جہانگیر ترین کو آگاہ کریں گے، وہ جو فیصلہ کریں گے ہمیں منظور ہو گا۔ حمزہ شہباز سے ملاقات میں ترین گروپ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مائنس بزدار پر ہم آپ کے ساتھ ہیں، تعاون طویل المدت ہونا چاہیے، عوامی مسائل کے باعث حکومتی ارکان کا حلقوں میں جانا مشکل ہے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آپ کے جذبات قیادت کے سامنے رکھیں گے، صوبے کے حوالے سے سب سے مل کر بہتر فیصلے کریں گے۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ترین گروپ سے رابطہ کیا تھا، جہانگیر ترین گروپ سے ملاقات کے لئے ان کے گھر پہنچے تھے، عون چودھری نے حمزہ شہباز سے رابطے کی تصدیق بھی کی تھی۔