شام میں زلزلے سے ایک ہی خاندان کے 25 افراد جاں بحق

دمشق: (ویب ڈیسک) شام میں زلزلے کے باعث ایک ہی خاندان کے 25 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام میں زلزلے کے باعث احمد ادریس نامی شخص کا پورا خاندان اُجڑ گیا ، احمد خاندان کے 25 افراد کی لاشوں کو دیکھ کرغم اور صدمے سے نڈھال ہے ۔ ان کا گھرانہ 2012 میں جنگ سے بے گھر ہونے کے بعد شام کے شہرسراقب منتقل ہوا تھا ۔ احمد ادریس نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی ، دو بیٹوں ، پوتے اور نواسوں سمیت ایک بڑے خاندان کو کھودیا ، ہم اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے یہاں محفوظ پناہ گاہ تلاش کرنے آئے تھے لیکن آخر میں یہاں قسمت نے ہمیں کس طرح پکڑلیا ۔ واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں پیر کو آنے والے ہولناک زلزلے سے اب تک 15 ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔