نوجوان اداکار آدتیہ سنگھ راجپوت کی موت ہوگئی، منشیات کی زیادہ مقدار کے استعمال کا خدشہ

ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی اداکار، ماڈل اور کاسٹنگ کوآرڈینیٹر آدتیہ سنگھ راجپوت اپنے اندھیری ہائی رائز کے واش روم میں مردہ پائے گئے۔ ان کی آخری رسومات ان کے اہل خانہ کی آمد پر منگل کو ادا کی جائیں گی۔ پولیس نے ابھی تک کسی مشتبہ چیز کی نشاندہی نہیں کی ہے تاہم تفتیش جاری ہے۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق آدتیہ سنگھ راجپوت جو ممبئی میں ایک مقبول اداکار، ماڈل اور کاسٹنگ کوآرڈینیٹر تھے، وہ ایک اونچی عمارت کی 11 ویں منزل پر رہتے تھے جہاں واش روم سے ان کی لاش ملی۔ ان کے دوست نے انہیں گھر میں مردہ پایا۔ وہ عمارت کے چوکیدار کے ساتھ مل کر اسے قریبی ہسپتال لے گیا تاہم پہنچنے پر اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منشیات کی زیادہ مقدار کا معاملہ ہو سکتا ہے۔ آدتیہ کی لاش کو فی الحال بالا صاحب ٹھاکرے ٹراما کیئر سنٹر میں رکھا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم اور اہل خانہ کی آمد کے بعد منگل کو ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ پولیس کو ابھی تک کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی ہے تاہم تفتیش جاری ہے۔ آدتیہ سنگھ راجپوت نے ایک ماڈل اور اداکار کے طور پر کریئر کی شروعات کی اور یہاں تک کہ بہت سے نئے چہرے بھی انڈسٹری میں متعارف کرائے ۔ وہ متعدد اداکاروں کے ساتھ کئی برانڈز کے لیے کام کر چکے تھے۔ آدتیہ کا تعلق دہلی سے تھا ۔ وہ کرانتی ویر اور میں نے گاندھی کو نہیں مارا جیسی فلموں کا حصہ تھے۔ وہ تقریباً 300 اشتہارات کا حصہ رہے جب کہ کئی ٹی وی رئیلٹی شوز اور ڈراموں کا بھی حصہ رہے۔ ان کی اصل شہرت کاسٹنگ ڈائریکٹر کی تھی ۔