جڑواں: (ویب ڈیسک) تھانہ ترنول پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جڑواں شہروں میں منشیات سپلائی کرنے والا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کردیا۔ ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق تھانہ ترنول پولیس نے کارروائی کے دوران ایک کروڑ مالیت کی 7 کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں غضنفر خان اور شاہ زیب شامل ہیں جن کے خلاف تھانہ ٹیکسلا، ترنول اور انڈسٹریل ایریا میں مقدمات درج ہیں۔ یاد رہے کہ تھانہ ترنول پولیس نے چند روز قبل بھی ایک کروڑ سے زائد مالیت کی 8 کلوگرام ہیروئن برآمد کی تھی، آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کامیاب کارروائی پر ترنول پولیس کو شاباش دی اور انعامات بھی کا اعلان کیا ہے۔
