ماسکو:(ویب ڈیسک) بیلاروسی صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کو ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے بعد ماسکو کے ایک ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ ویک نے بیلاروسی اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ماسکو کے سینٹرل کلینیکل ہسپتال میں لوکاشینکو کی حالت تشویشناک ہے۔ بیلاروس میں 2020 کے صدارتی امیدوار ویلری تسیپکالو نے ٹیلی گرام پوسٹ میں کہا کہ ان کی ٹیم نے جو معلومات حاصل کی ہیں ان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ ویلری تسیپکالو نے اپنی پوسٹ میں کہا 'ہمارے پاس موجود معلومات کے مطابق جس کی تصدیق کی ضرورت ہے، لوکاشینکو کو پیوٹن کے ساتھ بند دروازوں کے پیچھے ملاقات کے بعد فوری طور پر ماسکو کے سینٹرل کلینیکل ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ اس وقت مقیم ہیں۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت نازک بتائی جس کے بعد بہترین ماہرین کی ٹیم کو انہیں طبی امداد فراہم کرنے اور ان کی طبیعت بحال کرنے کیلئے بھیجا گیا۔'
