پارٹی میں جھگڑے کے بعد خاتون نے پڑوسن کو قتل کردیا، جھگڑے کی وجہ کیا تھی؟

نئی دہلی:(ویب ڈیسک) شمالی دہلی میں ایک پارٹی کے دوران جھگڑے کے بعد ایک 35 سالہ خاتون کو اس ک پڑوسن نے مبینہ طور پر چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا۔ شمالی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) ساگر کلسی نے بتایا کہ رانی کی خون آلود لاشمجنو کا ٹِلا میں ایک مکان کی چھت پر پائی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ رانی گروگرام میں ایک بیوٹی پارلر میں کام کرتی تھی۔ اسے سپنا نامی خاتون نے قتل کیا جو اس علاقے میں کرائے کے مکان میں رہتی تھی۔ 36 سالہ سپنا نے گزشتہ رات ایک پارٹی میں شراب کے نشے میں رانی کے والد کے ساتھ بدسلوکی کی تھی جس پر دونوں خواتین کے درمیان لڑائی ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ پارٹی میں کم از کم چھ دیگر افراد بھی موجود تھے۔اس واقعے کے بعد دونوں خواتین میں اگلی صبح دوبارہ لڑائی ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سپنا ایک طلاق یافتہ خاتون ہے جس کی ایک بیٹی ہے۔ اس نے صبح 4:30 بجے کے قریب رانی پر چاقو سے حملہ کردیا اور اس پر چاقو کے کئی وار کیے جس سے رانی کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمہ جو شادیوں میں ویٹر کا کام کرتی تھی، نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ انہوں نے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔