کراچی:(ویب ڈیسک) معروف سماجی کارکن اور انسانی حقوق کے وکیل جبران ناصر نے گھر واپسی کے بعد سوشل میڈیا پر پیغام جاری کردیا۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں جبران ناصر نے کہا کہ تمام دوستوں اور ساتھیوں بالخصوص صحافی، وکلاء اور بار کونسلز ،سول سوسائٹی اور سیاست دانوں کی دعاؤں اور کاوشوں سے میں بخیریت گھر واپس آ گیا ہوں۔ جس عزم اور جدو جہد کی وجہ سے آپ سب میرے اور میرے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے رہے اور میری واپسی کو یقینی بنایا وہ عزم اب بھی قائم ہے اور جدو جہد بھی جاری رہے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز جبران ناصر کو کراچی سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا۔ ان کی اہلیہ منشا پاشا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ ڈنر سے واپس آرہی تھیں، اس دوران جبران ناصر کو 15 مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔ مبینہ اغوا کے واقعے کے بعد سول سوسائٹی کی جانب سے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے جس کے بعد آج شام کو وہ گھر واپس پہنچ گئے تھے۔
