سٹیڈیم میں مداح کی ہلاکت کے بعد میچ معطل کردیا گیا

بیونس آئرس:(ویب ڈیسک) ارجنٹینا میں فٹ بال کا کھیل اس وقت معطل کرنا پڑگیا جب ایک پرستار سٹیڈیم سے گر کر ہلاک ہو گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ارجنٹائن کا کلب ریور پلیٹ بیونس آئرس کے ایستادیو ماس مونو مینتل سٹیڈیم میں حریف ڈیفینسے جسٹیشا سے کھیل رہا تھا۔ بی بی سی کے مطابق میچ 14 ویں منٹ کے بعد روک دیا گیا کیونکہ ریفری فرنینڈو ریپلینی کو سٹینڈ میں طبی ایمرجنسی کی اطلاع دی گئی تھی۔ اس کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا لیکن 27 منٹ پر دوبارہ اس وقت روک دیا گیا جب ریفری کو مداح کی موت کی اطلاع دی گئی۔ پابلو مارسیلو سیرانو نامی 53 سالہ مداح سٹینڈ سے 15 میٹر نیچے گرنے کے بعد سر پر چوٹ لگنے سے فوری طور پر ہلاک ہو گیا تھا۔ ریور پلیٹ کلب نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ مداح کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ کلب نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ سٹیڈیم 24 گھنٹے بند رہے گا اور ایک دن کا سوگ منایا جائے گا۔