سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے اگلے ہفتے سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی ہر الیکشن میں جانے کیلئے تیار ہے، یہ پارٹی عوامی فلاحی، سیاسی جماعت بننے جارہی ہے، بجلی کے بل جو بجلی بن کر عوام پر گرے ہیں یہ دیکھنا پڑے گا ان کا ذمے دار کون ہے، اس وقت کاروباری افراد کا اعتماد بحال کرنا بہت ضروری ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا ہے کہ صدر پاکستان کو ایک جماعت کا نہیں ملک کا صدر بن کر سوچنا پڑے گا، سپہ سالار نے جس طرح ذخیرہ اندوزی اور ڈالر کی قیمت میں کمی کی ہے اس پر ان کو سلام پیش کرتی ہوں، جس روز بیورو کریسی نے فیصلہ کیا کہ ذخیرہ اندوزی کو روکنا ہے رک جائے گی۔
