پاکستان کی پہلی الیکٹرک کار متعارف کروانے کی تیاریاں

کراچی: (ویب ڈیسک) ریگل آٹوموبلز (ڈی ایف ایس کے) نے پاکستان کی پہلی الیکٹرک کار متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کرلی۔ اس گاڑی کو ’Seres 3‘ کا نام دیا گیا ہے، جو ممکنہ طور پر 23اکتوبر کو متعارف کرائی جا رہی ہے۔کمپنی کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ گاڑی مکمل تیار شدہ حالت میں ملک میں درآمد کی جائے گی۔یہ گاڑی 1کروڑ 18لاکھ روپے کی قیمت میں دستیاب ہو گی، جس کی پیشگی بکنگ 50لاکھ روپے سے کروائی جا سکے گی اور گاڑی 90دن میں ڈلیور کی جائے گی۔ اس گاڑی میں 49.34کلو واٹ آور بیٹری دی جا رہی ہے، جس کی بدولت یہ کار ایک چارج پر 400کلومیٹر سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔بعد ازاں گاڑی پاکستان میں اسمبل ہونی شروع ہو گی، جس کے بعد اس کی قیمت 96لاکھ روپے ہو جائے گی اور اس کی پیشگی بکنگ 30لاکھ روپے سے ہو سکے گی۔ مقامی سطح پر اسمبل ہونے والی اس گاڑی کی ڈلیوری مارچ 2024ءسے شروع ہو جائے گی۔رپورٹ کے مطابق یہ کار 160ہارس پاور اور 300این ایم ٹارک پیدا کرتی ہے۔