فاٹا سے آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف سے فاٹا کے سینیٹرز مرزا محمد آفریدی، عباس آفریدی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں راجا ظفرالحق، انجینئر امیر مقام بھی شامل تھے ۔ مرزا محمد آفریدی نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ فاٹا سے آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی کا ن لیگ میں شامل ہونا بڑی کامیابی ہے، انشاء اللہ اور لوگ بھی ن لیگ میں شامل ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں امیر مقام کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کیلئے نام کا اعلان اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، مولانا فضل الرحمان، محمود اچکزئی اورحاصل بزنجو کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت 36 سینیٹرز ہیں، 53 سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔