شہباز شریف بلا مقابلہ مسلم لیگ ن کے مستقل صدر منتخب

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) مسلم لیگ ن کے مستقل صدر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کا وقت ختم ہو گیا ۔ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پارٹی الیکشن کمشن میں جمع کرائے گئے لیکن ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے ۔ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر چاروں صوبوں کے تائید و تجویز کنندگان کے دستخط موجود تھے جن میں راجا فاروق حیدر ، طاہرہ اورنگزیب ، سیدال خان ناصر ، کھیل داس کوہستانی شامل تھے۔ چیئرمین الیکشن کمشن محمود ورک کا کہنا ہے شہباز شریف کے علاوہ ابھی تک کسی کے کاغذات نامزدگی موصول نہیں ہوئے، کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی فہرست جاری کی جائے گی، مسلم لیگ ن مرکزی جنرل کونسل اجلاس میں مستقل صدر کا انتخاب ہوگا، اجلاس میں موصول ہونے والے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات پیش کی جائیں گی، کسی مد مقابل امیدوار نے تاحال کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے، اگر کوئی دوسرا امیدوار آیا تو صدر کی نشست پر مقابلہ ہوگا۔ دوسری جانب نون لیگ کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی بدنظمی کا شکار ہوگیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے کارکنان کو دھکے دے کر ہال سے نکالا دیا ، خواتین کارکنوں کو بھی دھکے دیئے گئے اور بدتمیزی کی گئی جس پر کارکنان نے سکیورٹی اہلکاروں کے رویے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور کنونشن سنٹر کے داخلی راستوں کے دروازے اور واک تھرو گیٹ توڑ دیا، تصادم میں 10 سے زائد کارکنان زخمی ہوگئے۔